نئی دہلی،26؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) روڈ ٹرانسپورٹ ، شاہراہوں اور ایم ایس ایم ای کے مرکزی وزیرنتن گڈکری نے آسام میں 27 شاہراہ منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ ریاست کے وزیراعلیٰ سربانند سونووال نے تقریب کی صدارت کی۔
ان منصوبوں میں 2،366کروڑ روپئے لاگت کی تقریبا 439 کلومیٹر طویل ایک سڑک کی تعمیر بھی شامل ہے۔ ان منصوبوں سے ریاست کے اندر اور اس کے آس پاس تجارتی سامان کی آمدورفت میں آسانی ہوگی ، سرحدوں پر رابطے میں بہتری آئے گی ، روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا ، وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی ، سیاحت اور انفرا کی ترقی میں بہتری آئے گی اور اس کے نتیجے میں بڑی منڈیوں تک زرعی پیداوار کے لئے رابطے کی فراہمی ہوگی۔وزیر نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے کانسے کیایک بڑے مجسمے کی نقاب کشائی بھی کی۔ آج آنجہانی قائد کی سالگرہ ہے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے نتین گڈکری نے آسام میں قومی شاہراہ نیٹ ورک کی ترقی میں ریاستی حکومت کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا ، ان کے دل میں آسام کا ایک خاص مقام ہے۔ وزیر موصوف نے کہا ، ریاست کے لئے سی آر آئی ایف کے تحت 174 منصوبوں کے لئے 2،104 کروڑ روپئے کی منظوری دی گئی تھی ، جس میں سے اب تک 1،177 کروڑ روپئے جاری کردیئے گئے ہیں۔ وزیر موصوف نے رواں سال کے لئے سی آر آئی ایف کے تحت صرف 139 کروڑ روپے کی سالانہ رقم کے مقابلے 221 کروڑ روپئے دینے کا اعلان کیا۔گڈکری نے آسام کے لئے این ایچ او کی رقم کو موجودہ مالی سال کے لئے 1،213 کروڑ سے بڑھا کر 2،578 کروڑ روپئے کرنے کا اعلان کیا۔ اس اعلان کا زبردست تالیاں بجاتے ہوئے اجتماع نے خیرمقدم کیا۔